Thursday, March 6, 2025

ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت ایکشن ہوگا، چوہدری شافع حسین


 صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ، فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ


صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری/ اوقاف و مذہبی امور پنجاب چوہدری شافع حسین نے رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے وزیرِ صنعت و تجارت کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں، جہاں آٹا، چینی، گھی، سبزیوں، پھلوں، دالوں اور دیگر اشیائے خور و نوش کو سبسڈی نرخوں پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں شہریوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں سایہ دار بیٹھنے کی جگہ، ٹھنڈے پانی کی دستیابی، معیار اور مقدار کی سخت مانیٹرنگ شامل ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے سہولت بازار میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈی پر ملنے والی اشیاء پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور رمضان المبارک میں اشیائے خورد و نوش کی بلا تعطل اور مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور پرائس کنٹرول کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی اسکواڈز متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر گجرات نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا دورہ کر رہی ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکےوزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے سہولت بازار میں کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہا اور ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

No comments:

Post a Comment

جلالپور جٹاں ، 3 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار ،موٹر سائیکل برآمد

 گجرات پولیس تھانہ سٹی جلالپور جٹاں نے ڈکیتی وموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 3رکنی حمزو  گینگ کو گرفتار کرلیا۔  ملزمان سے 12 لاکھ روپ...